افسران کی استعداد کار میں اضافہ، زیادہ تربیتی کورسز کا اہتمام کیا جائے، شاہیرہ شاہد

October 04, 2022

اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی )وفاقی سیکرٹری اطلاعات ونشریات شاہیرہ شاہد نے وزارت اطلاعات و نشریات اور اسکے ملحقہ اداروں پر زور دیا ہے کہ وہ افسران کی استعداد کار میں اضافے کے لئے زیادہ سے زیادہ تربیتی کورسز کا اہتمام کریں تا کہ ڈیجیٹل اور سوشل میڈیا کے استعمال پر توجہ مرکوز کرنے کے ساتھ ساتھ انھیں ذرائع ابلاغ کے شعبے میں جدید رحجانات اور آئی ٹی کی مختلف مہارتوں سے روشناس کرایا جاسکے۔ وہ پیر کو انفارمیشن سروسز اکیڈمی میں وزارت اطلاعات اور ملحقہ اداروں کے افسران کی استعداد کار میں اضافے کیلئے تربیتی کورسز مکمل کرنے پر تقریب تقسیم اسناد سے خطاب کر رہی تھیں۔وزارت اطلاعات و نشریات ا کے مختلف بیجز کے 25افسران نے گزشتہ ایک ماہ کے دوران استعداد کار میں اضافے کے لئے ایک ہفتہ پر محیط تربیتی کورسز کی کامیاب تکمیل پر سرٹیفکیٹس حاصل کیے۔ اے پی پی ، پی آئی ڈی ، پیمرا ، پی ٹی وی ،آڈٹ بیورو آف سرکولیکشن اور ریڈیو پاکستان سے نامزد افسران نے تربیتی کورسز میں شرکت کی۔