آن لائن سروسز ایپ میں آئے روز خرابی، ایکسائز آفس میں صارفین کو مسائل

October 04, 2022

اسلام آباد (ایوب ناصر‘ خصوصی نامہ نگار) ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن اسلام آباد آفس میں صارفین کو مختلف مسائل کا سامنا ہے۔ گاڑی ٹرانسفر میں غیر ضروری لوازمات‘ مختلف کمروں کے چکر‘ اوور چارجنگ سمیت دیگر شکایات کے ستائے عوام ٹائوٹوں کا سہارا لینے پر مجبور ہو گئے۔ آن لائن سروسز کیلئے ایپ میں آئے روز خرابی اور بائیو میٹرک کے نام پر ناجائز جرمانوں کی شکایات بھی سامنے آ رہی ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ گاڑی ٹرانسفر کیسز میں بائیو میٹرک رسید پر آخری تاریخ ہفتہ اور اتوار ڈال دی جاتی ہے‘ اگلے روز دو ہزار روپے جرمانہ لیا جاتا ہے۔ شہریوں نے شکوہ کیا کہ سمارٹ کارڈ کی فیس 1462روپے رکھی کی گئی ہے لیکن ان سے 1500روپے وصول کئے جاتے ہیں۔ ٹرانسفر کیلئے آنیوالی گاڑیوں کی فزیکل چیکنگ کرنیوالے ایکسائز عملے کیلئے مناسب جگہ نہ ہونے سے عین سڑک پر کئی کئی قطاریں بنا کر دیگر ٹریفک کا راستہ روک لیا جاتا ہے۔اُدھر ڈائریکٹر ایکسائز بلال اعظم کے مطابق بائیو میٹرک خود کار سسٹم کے تحت کام کرتا ہے‘ جرمانہ کسی کی ذاتی جیب میں نہیں جاتا۔ شکایت کے ازالے کی کوشش ہماری ذمہ داری ہے جسے پورا کرینگے۔