این ٹی ایس بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تشکیل میں رولز کی خلاف ورزی

October 04, 2022

اسلام آباد (ساجد چوہدری، اپنے نامہ نگار سے)نیشنل ٹیسٹنگ سروس( این ٹی ایس )کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تشکیل میں کارپوریٹ گورننس رولز کی خلاف ورزی سامنے آئی ہے جبکہ محکمے کا کہنا ہے کہ بورڈ میں انڈیپنڈنٹ ڈائریکٹرز کی تعیناتیوں کا معاملہ 25فروری 2021کے بورڈ آف ڈائریکٹرز اجلاس میں رکھا گیا، انڈیپنڈنٹ ڈائریکٹرز کی سی ویز کا جائزہ لینے کیلئے کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔آڈیٹر جنرل نے این ٹی ایس کو کارپوریٹ گورننس رولز کے مطابق بورڈ آف ڈائریکٹرز تشکیل دینے کی سفارش کی ہے،آڈٹ پیرا میں این ٹی ایس کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تشکیل پر اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا گیا کہ کارپوریٹ گورننس رولز کے رول 3(2) کے تحت بورڈ میں ایک تہائی انڈیپنڈنٹ ڈائریکٹرز کا ہونا ضروری ہے، این ٹی ایس کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد کے پانچ افسران بطور ڈائریکٹر شامل ہیں۔ریکٹر یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد تبسم افضال بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین جبکہ ممبران میں کامسیٹس یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر اظہار حسین ، محمد اعظم ، ڈاکٹر محمد عبدالرحمن خان اور پروفیسر ڈاکٹر شمس القمر شامل ہیں۔