سکھر: سیلاب متاثرہ خاندان کے ہاں جڑواں بچوں کی پیدائش

October 04, 2022

فائل فوٹو

سکھر میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سیلاب متاثرین کیلئے قائم لیبر کالونی میں سیلاب متاثرہ خاتون نے جڑواں بچوں کو جنم دیا ہے، غریب ماں باپ جڑواں بچوں کی پیدائش سے خوش مگر ان کے مستقبل کے حوالے سے پریشان دکھائی دیتے ہیں۔

سکھر کے علاقے نیو پنڈ کا رہائشی 7 افراد پر مشتمل خاندان جو برسات اور سیلاب میں کرائے کا مکان کھونے کے بعد سیلاب متاثرین کیلئے قائم لیبر کالونی کے فلیٹ میں عارضی مقیم ہے، جہاں چند روز قبل رخسانہ خاتون نے جڑواں بچوں کو جنم دیا ہے۔

خاتون کے معذور شوہر محمد اکرام کا کہنا ہے کہ مالک کا لاکھ احسان ہے کہ ہماری بھی گود بھردی ہے، ورنہ میں اپنے بھائی کے بچے پال رہا تھا جو انتقال کرگیا، اب لیبر کالونی والوں کی مہربانی ہے کہ ہمیں سر چھپانے کی جگہ دی ہے، جبکہ ہمارے پاس تو کچھ کھانے کو بھی نہیں ہے۔

محمد اکرام اپنی معذوری کے باعث پہلے ہی محنت مزدوری سے ہاتھ دھو بیٹھا تھا، جڑواں بچوں کی پیدائش کے بعد اس کی بیوی بھی گھر کی ہوکر رہ گئی اور ان کے ہاں اب فاقوں کی نوبت آن پہنچی ہے۔

نوزائیدہ بچوں کی والدہ کا کہنا ہے کہ یہاں نہ راشن ملا ہے نہ کچھ ملا ہے، بس میں پہلے بھیک مانگتی تھی،ابھی تو وہ بھی نہیں جاسکتی ہوں میں، بچے کون سنبھالے گا۔

سیلاب سے متاثرہ غریب اور لاچار خاندان نے حکومت سندھ سمیت مخیر افراد سے امداد کی اپیل کی ہے۔