عمران خان کی سالگرہ ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گئی

October 04, 2022

عمران خان کل 70 برسوں کے ہو جائیں گے

پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان کی سالگرہ ایک دن قبل ہی ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گئی ہے۔

مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر ٹرینڈنگ پر اس وقت سب سے اوپر عمران خان کی سالگرہ ٹرینڈ کر رہی ہے، سابق وزیر اعظم عمران خان کے اندرونِ و بیرونِ ملک موجود مداح، حمایتی اور سیاسی کارکنان اُنہیں سالگرہ کی مبارکباد دے رہے ہیں۔

دوسری جانب اگر عمران خان کی سالگرہ کی تاریخ کی بات کی جائے تو اُن کی سالگرہ آج نہیں بلکہ کل ہے، عمران خان کل 70 برسوں کے ہو جائیں گے۔

واضح رہے کہ عمران خان پاکستان کی مقبول ترین شخصیات میں سے ایک ہیں۔

عمران خان کی 70 ویں سالگرہ کے سلسلے میں جہانیاں سمیت ملک بھر میں پی ٹی آئی کے زیر اہتمام کارکنان سالگرہ کی تقریبات کا اہتمام کریں گے۔

عمران خان پانچ اکتوبر 1952ء کو لاہور میں پیدا ہوئے تھے، وہ چار بہنوں کے اکلوتے بھائی ہیں، انہوں نے ابتدائی تعلیم پاکستان میں ہی حاصل کرنے کے بعد برطانیہ کا رخ کیا۔

تعلیم کے حصول کے ساتھ عمران خان نے کرکٹ میں بھی خود کو منوایا اور اٹھارہ سال کی عمر میں پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم میں شمولیت اختیار کی۔

عمران خان کی قیادت میں پاکستانی کرکٹ ٹیم 1992 کے ورلڈکپ میں فتح یاب ہوئی۔

عمران خان نے 25 اپریل 1996ء کو اپنی سیاسی جماعت تحریک انصاف کی بنیاد رکھی۔

2002 میں میانوالی سے ممبر قومی اسمبلی منتخب ہوئے اور 17 اگست 2018 ء کو عمران خان ملک کے وزیر اعظم بنے تھے۔