سندھ میں خواتین کی باکسنگ میں دل چسپی قابل ستائش

October 04, 2022

ملک بھر میں باکسنگ ایسو سی ایشنز مردوں کے ساتھ ساتھ خواتین باکسنگ مقابلوں کا بھی باقاعدگی سے انعقاد کررہی ہیں جن میں خواتین بھرپورحصہ لے رہی ہیں۔ کراچی ڈویژن باکسنگ ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام سندھ باکسنگ ایسوسی ایشن اور گرین اسٹار کے تعاون سے لیاری پروجیکٹ باکسنگ کلب لیاری میں ڈائمنڈ جوبلی جشن آزادی گرلز باکسنگ ٹورنامنٹ کا شاندار انعقاد ہوا جس میں نوعمر بچیوں نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ان مقابلوں میں کراچی ڈویژن کی 36گرلز باکسرز نے حصہ لیا۔

فائنل مقابلوں کے نتائج کے مطابق 26کلو گرام میں حورین (جانباز باکسنگ کلب)نے انفال (جانباز باکسنگ کلب)کو 3-0 سے، 30کلو گرام میں ناہید (لیاری لیبر ویلفیئر سینٹر باکسنگ کلب) نے بختاور (جانباز باکسنگ کلب)کو 3-0سے، 33 کلو گرام میں وردا(ینگ لیاری باکسنگ کلب) نے رضیہ کو 2-1سے، 36کلو گرام میں سحرنے عائشہ کو ، 39کلو گرام میں آمنہ نے عائشہ رستم کو ، 42کلو گرام میں عالیہ سومرونے عائشہ نورکو، 44کلو گرام میں خضرا نے مروجہ کو ,48کلو گرام میں مریم نے امامہ کو ، 51کلو گرام میں مہوش نے مہک کو، 57کلو گرام میں زلیخہ نے نصرت کو ،60کلو گرام میں آکان شاہ نے نورین کو ہرادیا۔ چیمپئن شپ کےمقابلوں کے موقع پرکم عمر بچیوں اور شائقین کی بڑی تعداد موجود تھی۔

ایونٹ کے مہمان خاص بلوچستان باکسنگ ایسوسی ایشن کے صدر محمد صادق اچکزئی تھے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں خواتین باکسرز کے ٹیلنٹ کو دیکھ کر متاثر ہوا ۔ پاکستان بھر میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں، اصل مسئلہ کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو تلاش کرکے انہیں ملکی اور بین الاقوامی سطح پر متعارف کرانا ہے۔ اس کے لئے حکومت کے ساتھ ساتھ نجی اداروں کو بھی اپنا فرض ادا کرنا چاہئے۔ انہوں نے پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے صدر خالد محمود اور سیکریٹری ناصر اعجاز ٹنگ کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ محدود وسائل کے باوجود ملکی کھلاڑیوں کی بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت کے لئے کوششیں کررہے ہیں۔

سندھ باکسنگ ایسو سی ایشن کے سینئر نائب صدر نائب صدر عابدبروہی نے کہا کہ پاکستان باکسنگ فیڈریشن اپنی ذمہ داری بخوبی انجام دے رہی ہے، مستقبل میں بھی اپنی اس جدوجہد کو جاری رکھیں گے۔ کھلاڑیوں کو آگے لانے کیلئے ٹریننگ کیمپس بھی لگانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس موقع پر سندھ باکسنگ ایسوسی ایشن کے صدر اصغر بلوچ،بلوچستان باکسنگ ایسوسی کے سیکریٹری جنرل حفیظ آغا، نائب صدر محمد اسحاق،کے ڈی ا ے اسپورٹس ڈائریکٹرایاز منشی، کو آرڈ ی نیٹرایم نسیم، مہر بخش کوچ، سابق انٹر نیشنل باکسر شیر محمد، رستم بلوچ، محمد امین، عبدالخالق کے علاوہ دیگر موجود تھے۔چیمپئن شپ کے دوران ریفری ججز کے فرائض فدا حسین، عبدالخالد، محمد فاروق، جمیل خان، نواب آصف علی نے انجام دیئے۔ اس سے قبل کراچی ڈویژن کے سیکریٹری عبدالرزاق بلوچ نے مہمان خصوصی و دیگر کو مقابلوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔