عمران خان کی پنجاب کابینہ ارکان کو لانگ مارچ کیلئے تیار رہنے کی ہدایت

October 05, 2022

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے پنجاب کابینہ کے ارکان سے ملاقات کے دوران انہیں لانگ مارچ کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کردی۔

پنجاب کابینہ کے ارکان سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ لانگ مارچ کے لیے تیار رہیں، عوام کو متحرک کرنے کے لیے رابطے تیز کر دیں، آنے والے دن بہت اہم ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ کابینہ میڈیا اور عوام کے محاذ پر کرپٹ ٹولے کو بے نقاب کرے، سینئر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال سے قریبی رابطہ رکھا جائے۔

دوسری جانب عمران خان سے لاہور میں پنجاب کے مختلف اضلاع کے پارٹی رہنماؤں نے بھی ملاقات کی، جس میں گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال، حافظ آباد، منڈی بہاءالدین اور گجرات کے رہنما شامل تھے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ تمام اضلاع کے قائدین کو لانگ مارچ سے متعلق ذمہ داریاں سونپ دی گئیں، کس ضلع سے قیادت کو کتنے کارکن اسلام آباد لے کر جانے ہوں گے، اہداف بھی مقرر کردیے گئے۔

عمران خان نے ہدایت کی کہ اسلام آباد جانے والے کارکنان کی فہرستیں فوری تیار کی جائیں، فہرستیں تین روز میں مکمل کرکے بھجوائی جائیں۔

ذرائع کے مطابق عمران خان کی جانب سے دی گئی ہدایات میں کہا گیا کہ گوجرانوالہ ضلع سے 6 ہزار کارکنوں کی فہرستیں بھجوائی جائیں، سیالکوٹ اور گجرات کی قیادت کو بھی 6 ہزار کارکنوں کی فہرستیں بھجوانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق منڈی بہاءالدین کی قیادت کو 5 ہزار کارکن لےجانے کا ہدف دیا گیا، حافظ آباد اور نارووال کو 4، 4 ہزار کارکن لےجانے کا ہدف دیا گیا۔

عمران خان نے ہدایت کی کہ ضلعی قیادت کارکن اسلام آباد لے جانے کے اخراجات کا تخمینہ بھی بتائے، اسلام آباد میں قیام کی صورت میں روزانہ کے اخراجات بھی بتائے جائیں، لانگ مارچ کے لیےفوری فنڈز بھی جمع کیے جائیں، کارکن اسلام آباد لے جانے کے اخراجات کی ذمہ داری مقامی قیادت کی ہوگی۔