گلوکار کرس مارٹن پھیپھڑوں کے انفیکشن میں مبتلا، کولڈپلے کے کنسرٹس منسوخ

October 05, 2022

گلوکار کرس مارٹن کو پھیپڑوں کا انفیکشن ہوگیا، جس کے باعث معروف پاپ بینڈ کولڈپلے نے اپنے متعدد کنسرٹس منسوخ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

کولڈ پلے نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس اور ویب سائٹ پر بیان جاری کرتے ہوئے افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ 8 پروگرامز ملتوی کیے جارہے ہیں۔

یہ تمام کنسرٹس برازیل کے شہروں ریو ڈی جینیرو اور ساؤ پاؤلو میں منعقد ہونا تھے۔

45 سالہ مارٹن کو پھیپڑوں میں انفیکشن تشخیص ہوا ہے اور انہیں ڈاکٹرز نے تین ہفتوں تک آرام کا مشورہ دیا ہے۔

کولڈپلے مارچ 2022 سے پوری دنیا کے ٹور پر نکلا ہوا ہے اور یہ طویل ترین ٹور اگلے سال جولائی میں ختم ہوگا۔

برازیل کے شوز تو منسوخ ہوگئے ہیں لیکن امکان ہے کہ 25 اکتوبر کو ارجنٹینا میں کولڈپلے پرفارم کرے گا، یہاں بینڈ کے 10 کنسرٹس ہوں گے۔