عمران خان بڑے سیاستدان ہیں نہ بڑے اسٹرٹیجک پلانر، طارق فضل

October 06, 2022

کراچی(ٹی وی رپورٹ)رہنما ن لیگ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ عمران خان کوئی بڑے سیاستدان ہیں نہ بڑے اسٹرٹیجک پلانر ہیں، وہ احتجاج کا آئینی حق استعمال کرکے اسلام آباد کے شہریوں کے آئینی حقوق سلب نہیں کرسکتے، وہ جیو نیوز کے پروگرام” آپس کی بات “میں میزبان منیب فاروق سے گفتگو کررہے تھے، پروگرام میں سینئر تجزیہ کاروں منصور علی خان اور اطہر کاظمی نے بھی اظہار خیال کیا ۔ن لیگ کے رہنما طارق فضل چوہدری نے مزید کہا کہ سیاستدانوں کا ہر دور میں مطالبہ رہا ہے کہ ہر ادارہ اپنی آئینی حدود میں رہ کر کام کرے، دنیا کے ہر ملک میں اسٹیبلشمنٹ کا کردار ہوتا ہے۔ عمران خان نے پچیس مئی کو کہا پچیس لاکھ لوگ لاؤں گا پچیس ہزار بھی نہیں لاسکے، حکومت پوری قوت اور طاقت سے اسلام آباد پر یلغار روکے گی، ملک کی ایک تہائی آبادی پانی میں ڈوبی ہوئی ہے اور عمران خان کو الیکشن کرانے کی پڑی ہے، الیکشن اپنے وقت پر ہی ہوں گے۔