آر ڈی اے کا آپریشن ، متعدد غیر قانونی تعمیرات سر بمہر

October 06, 2022

راولپنڈی( خبر نگار خصوصی) ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی محمد سیف انور جپہ نے گزشتہ روز سروس روڈ اور گنگال روڈ راولپنڈی کا دورہ کیا اور غیر قانونی تعمیرات کو چیک کرتے ہوئے سروس روڈ پر شادی ہال کی بیک سائیڈ پرزیر تعمیر پلازہ کو سر بمہر کروا دیا جبکہ بلڈنگ کنٹرول ونگ کو مزید آپریشن کی ہدایت کر دی ۔ ذرائع کے مطابق ڈائریکٹر جنرل آرڈی اے نے نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ سٹرکچر انجینئر کو وارننگ دیتے ہوئے نوٹس جاری کر دیا ۔ آ ر ڈی اے ترجمان نےکہا کہ سٹرکچر انجینئر نے پلازہ کا جو نقشہ بنا کر دیا تھا اس کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غیرقانونی تعمیر ہو رہی تھی اور سٹرکچر انجینئر نے آرڈی اے میں رپورٹ پیش نہیں کی جو ان کی ذمہ داری تھی ۔ دریں اثناء بلڈنگ کنٹرول ونگ ٹیم نے پولیس نفری کی مدد سے آپریشن کرتے ہوئے گزشتہ روز ہائی کورٹ روڈ اور اڈیالہ روڈ پر غیر قانونی تعمیرات بشمول چھ رہائشی تعمیرات، 15 دکانوں اور تین پلازوں کو سربمہر اور ایک پلازہ اور ہائی کورٹ روڈ پر ایک دیوار کو مسمار کر دیا ۔