سندھ: سیلاب گزرنے کے باوجود مختلف شہروں میں پانی جمع

October 06, 2022

سندھ میں سیلاب کو گزرے ڈیڑھ ماہ ہونے کے باوجود مختلف شہروں میں تاحال پانی جمع ہے۔

ضلع بدین کے علاقے حیات خاصخیلی میں ہر طرف پانی ہی پانی ہے جس کے باعث شہر میں اکثر ویرانی رہتی ہے۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ جلد شہر سے پانی کی نکاسی یقینی بنائے تاکہ رونقیں پھر سے بحال ہوسکیں۔

دوسری جانب دادو میں پچاس سے زائد دیہات سے بھی پانی کی نکاسی نہیں ہوسکی، سیکڑوں ایکڑ پر کھڑی کپاس اور گنے کی فصلیں تباہ ہورہی ہیں۔

ادھر خیرپور ناتھن شاہ کے مصروف تجارتی مرکز پر کشتیوں کی بھر مار ہے، تعفن اور بدبودار پانی سے زندگی دشوار ہوگئی ہے اور مکین سخت پریشان ہیں۔

دوسری جانب نوشہرو فیروز کے علاقے بھریا روڈ میں انتظامیہ متاثرین کو خیمہ دیکر غائب ہوگئی ہے۔ متاثرین راشن اور طبی سہولیات کے منتظر ہیں۔

کیمپس میں سہولتیں نہ ہونے سے ملیریا، گیسٹرو، ڈائریا سمیت دیگر امراض نے مشکلات بڑھا دی ہیں۔