صدر آج پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے اپنا آخری خطاب کریں گے

October 06, 2022

صدر عارف علوی پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے آج اپنا آخری خطاب کریں گے۔

رپورٹس کے مطابق صدر مملکت نے پارلیمنٹ کا اجلاس شام پانچ بجے طلب کیا ہے

یہ مختصر ترین پارلیمانی سال ہوگا کیونکہ اگر قومی اسمبلی کو پہلے تحلیل نہیں کیا گیا تو یہ 310 دنوں پر مشتمل ہوگا۔

ذرائع کے مطابق ایوان صدر نے صدر مملکت کے خطاب کے لیے اپنا مسودہ بھی تیار کرلیا ہے۔

صدر اپنی تقریر میں حکومت کی گزشتہ سال کی کارکردگی پر روشنی ڈالیں گے جبکہ اگلے سال کے لیے حکومت کے اہداف کی نشاندہی کریں گے۔

صدر مملکت کا یہ خطاب ایسے موقعے پر ہورہا ہے جب ایوان میں ان سے ہمدردیاں رکھنے اور دفاع کرنے والا پاکستان تحریک انصاف کا کوئی رکن موجود نہیں ہوگا۔

آج کے خطاب سے عارف علوی کو یہ اعزاز بھی حاصل رہے گا کہ وہ صدر آصف علی زرداری کے بعد دوسرے صدر مملکت ہوں گے جنہوں نے مسلسل پانچ مرتبہ آئینی تقاضے کی تکمیل میں پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کیا۔