انعامی ایپلیکیشن کا حکم

October 07, 2022

آپ کے مسائل اور اُن کا حل

سوال:۔ ایک انعامی ایپلیکیشن ہے،اس پروگرام کو جوائن کرنے سے پہلے آدمی (100) ڈالر جمع کرتا ہے ،لیکن (100) ڈالر ضروری نہیں، بلکہ (70) یا (60) بھی جمع کیا جاسکتا ہے، جب یہ پروگرام جوائن ہوجائے تو کمپنی کی طرف سے ہر دن (40) چیزیں مثلاً قلم، کتاب، کرسی،ٹیبل وغیرہ بھیجی جاتی ہیں اور کبھی کبھی جاندار کی تصویریں بھی آجاتی ہیں، پھر آدمی ان چیزوں میں سے جتنی چیزیں شیئر کرے گا، اسے ان چیزوں کامنافع ملے گا، مثلاً دو یا تین چیزیں شیئر کرے گا تو اسے دو یا تین چیزوں کا منافع ملے گا، اور اگر شیئر نہ کرے تو منافع نہیں ملے گا، یہ منافع اس کے اکاؤنٹ میں جمع ہوگا، 100 ڈالر جمع کرنے کے بعد آدمی نہیں نکال سکتا۔ اس پروگرام میں ابھی تک کسی کا نقصان نہیں ہوا ہے، جب یہ آدمی دوسروں کو دعوت دے گا اور دوست بنائے گا تو ہر ہفتہ (60) ڈالر منافع ملے گا، یہ معلوم نہیں کہ یہ (100)ڈالر قرض کے طور پر ہے یا ضمانت یا شرکت کے طور پر؟ تو کیا اس طرح کاروبار کرنا درست ہے؟

جواب:۔اس طریقۂ کار پر پیسے کمانا ناجائز ہے، کیوں کہ ایسے لوگ اشتہارات کو دیکھتے ہیں، جن کا یہ چیزیں لینے کا کوئی ارادہ ہی نہیں۔ اس عمل سے مقصد دیکھنے والوں کی تعداد میں اضافہ دکھانا ہوتا ہے جس سے لوگوں کو خریداری کی ترغیب ہوتی ہے جو کہ ایک قسم کا دھوکا ہے، نئے ممبر بنانے پر کمیشن ملتا رہتا ہے، جب کہ اس نے ممبر بنانے پر کوئی ایسا معتد بہ عمل نہیں کیا ہے جس کی وجہ سے اس کے لیے کمیشن لینا جائز ہوجائے، جان دار کی تصویر کسی بھی طرح کی ہو، اسے شیئر کرنے پر جو اجرت لی جائے گی، وہ جائز نہ ہوگی۔