موڈیز نے پاکستان کے لمبے عرصے کے بیرونی قرض کی ریٹنگ گرادی

October 06, 2022

عالمی ریٹنگ ایجنسی موڈیز نے پاکستان کے لمبے عرصے کے بیرونی قرض کی ریٹنگ گرا کر بی تھری سے سی اے اے ون کردی۔

موڈیز کے مطابق سیلاب سے پیدا شدہ لیکویڈٹی، بیرونی خدشات اور پائیدار قرض خدشات کے سبب ریٹنگ گرائی گئی ہے۔

پاکستان کے طویل مدتی زرمبادلہ بانڈز کی ریٹنگ بی 3 سے کم کر کے سی اے اے 1 کردی گئی۔ اسی طرح موڈیز نے پاکستانی میں روپے میں لیے گئے قرض کی ریٹنگ بھی کم کردی ہے۔

موڈیز کے مطابق ریٹنگ میں کمی پاکستان میں سیلاب کے بعد کی صورتحال کی وجہ سے کی گئی ہے، سیلاب کی وجہ سے پاکستان کی بیرونی ادائیگیوں کے خدشات بڑھے ہیں۔

عالمی ریٹنگ ایجنسی کا یہ بھی کہنا ہے کہ سیلاب کے بعد پاکستان کا کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ جی ڈی پی کا 3.5 سے 4.5 فیصد ہوسکتا ہے جبکہ سیلاب سے قبل کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ جی ڈی پی کا 3 سے 3.5 فیصد رہنے کا اندازہ تھا۔

موڈیز کے مطابق مناسب لاگت پر مارکیٹ فنانسنگ کی عدم دستیابی کے سبب پاکستان کا بیرونی قرض ادائیگی کے لیے کثیر جہتی اور آفیشل قرض دینے والوں پر انحصار رہے گا۔