خواتین ایشیا کپ، تھائی لینڈ کی غیر معروف کرکٹرز نے پاکستان کو چار وکٹ سے شکست دیکر بڑا اپ سیٹ کر دیا

October 07, 2022

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کرکٹ کی دنیا میں تھائی لینڈ کانام غیر معروف ہے ۔خواتین ایشیا کپ میں تھائی لینڈ کی غیر معروف کرکٹرز نے پاکستان کو چار وکٹ سے شکست دے کر بڑا اپ سیٹ کردیا اور تھائی لینڈ نے اس ایشیا ویمنز کپ میں پہلی بار فتح اپنے نام کی ہے۔آخری اوور میں تھائی لینڈ کو جیت کے لیے 10 رنز درکار تھے تاہم پاکستانی بالر ڈیانا بیگ ان 10 رنز کا دفاع نہ کرسکیں تھائی لینڈ کی کھلاڑیوں نے اس بڑی کامیابی پر زبردست جشن منایا۔اس فارمیٹ میں تھائی لینڈ کی پاکستان کے خلاف یہ پہلی فتح ہے۔بسمہ معروف کی قیادت میں پاکستان ٹیم کی خراب کارکردگی کا سلسلہ جاری ہے۔جمعرات کوسلہٹ میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 5 وکٹ پر 116 رنز اسکور کئے۔تھائی لینڈ نے 117 رنز کا ہدف شروع کیا تو نتھاکن چنتھم نے 51 گیندوں پر 61 رنز بنائے۔تھائی لینڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک گیند قبل ہی 6 وکٹوں کے نقصان پر ہدف عبورکرلیا۔پاکستان کی ندا ڈار اور طوبیٰ حسن نے دو،دو وکٹیں حاصل کیں۔ پاکستان کی جانب سے سدرہ امین 64گیندوں پر56رنز کے ساتھ نمایاں رہیں۔منیبا علی نے 15اور ندا ڈار نے 12رنز بنائے۔ ٹورنامنٹ میں پاکستان ویمنز ٹیم کی یہ پہلی شکست ہے۔ اس سے قبل پاکستان ٹیم ملائیشیا اور بنگلادیش کو ہرا چکی ہے۔ ویمنز ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں 13ویں پوزیشن پر موجود تھائی ٹیم نے رینکنگ ٹیبل پرنمبر 6 پاکستانی ویمن ٹیم کو ہرایا۔ایک اور میچ میں بنگلہ دیش نے ملائشیا کو88رنز سے شکست دے دی اور دوسری فتح حاصل کی۔130رنز کے ہدف کے تعاقب میں ملائشیا کی ٹیم صرف41رنز بناکر آوٹ ہوگئی۔