ریسٹورنٹس والوں نے آدھا راستہ روکا ہوا ہوتا ہے، ہائیکورٹ

October 07, 2022

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائی کورٹ نے صدر میں پاسپورٹ آفس سےمتصل دو ریسٹورنٹس کے خلاف درخواست پر مالکان کو نوٹسز جاری کردیئے، جسٹس سید حسن اظہر رضوی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے روبرو درخواست کی سماعت پر در خواست گزار کے وکیل نےکہا کہ ریسٹورنٹس مالکان نے آدھی سٹرک گھیر رکھی ہے،جسٹس سید حسن اظہر رضوی نے ریمارکس دیئے کہ ان ریسٹورنٹس والوں نے آدھا راستہ روکا ہوا ہوتا ہے، دن بھر ریسورنٹس چلنے کے بعد صبح سڑک پر کچرا ہی کچرا ہوتا ہے، عدالت نے درخواست گزار کے وکیل سے مکالمے میں کہا کہ یہ ریسورنٹس کون چلا رہے ہیں؟ درخواست گزار کے وکیل نےکہ یہ پرائیویٹ افراد کے ریسورنٹس ہیں جن پر دو ایف آئی آرز درج ہیں۔