فیول ایڈجسٹمنٹ اور ٹیکس کی مد میں بھاری چارجز کی وصولی کے خلاف درخواست

October 07, 2022

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس سید حسن اظہر رضوی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے بجلی کے بلوں میں فیول ایڈجسٹمنٹ اور ٹیکس کی مد میں بھاری چارجز کی وصولی کرنے پر کے الیکٹرک کے خلاف امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن و دیگر کی درخواست پر تمام فریقین کو آئندہ سماعت پر تیاری کر کے آنے کی ہدایت کردی، حافظ نعیم الرحمٰن اپنے وکیل کے ہمراہ پیش ہوئے،وکیل نے کہا کہ کے الیکٹرک نے کئی سو صفحات کا جواب دیا ہے، جائزہ لینے کا موقع دیا جائے، حافظ نعیم نے فیول ایڈجسٹمنٹ پر حکم امتناع جاری کرنے کی درخواست کی، عدالت نے کے الیکٹرک اور نیپرا کا جواب دیگر فریقین کو بھی فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 18 اکتوبر تک ملتوی کردی ، دائر درخواست میں موقف اپنایا گیا تھا کہ کے الیکٹرک کو اوور بلنگ، فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز سیلز ٹیکس، انکم ٹیکس، ٹی وی لائسنس فیس و دیگر چارجز وصول کرنے ، غیر قانونی بالخصوص رات کے اوقات بجلی کی بندش سے روکا جائے ، سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ عدالتوں سے انصاف مل جائے تو لوگ انتہا پر نہیں جاتے یہ وائٹ کالر کرائم کر رہے ہیں ان تمام جماعتوں نے ثابت کیا کہ وہ کے الیکٹرک مافیا کے سپورٹر ہیں۔