میلاد النبیﷺ کے جلوسوں میں نوجوان نسل کی شرکت یقینی بنائی جائے، علمائے کرام

October 07, 2022

بولٹن (ابرار حسین) برطانیہ کے دیگر شہروں کی طرح یہاں بولٹن میں بھیمیلادالنبی صلی اللہ علیہ وسلم کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں، تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی، مکہ مسجد کو انتہائی خوبصورتی کے ساتھ سجانے کے علاوہ قریبی مکانوں، دکانوں کو بھی سر سبز بینروں، جھنڈیوں اور خوبصورت برقی قمقموں کے ساتھ سجا دیا گیا۔حضور کی ولادت کی خوشی میں جلوس کے تمام راستے برقی قمیقموں سے جگ مگ کر رہے ہیں، اس سلسلے میں نقشبندیہ اسلمیہ فاونڈیشن کے زیر اہتمام عالمی مبلغ اسلام اور معروف روحانی شخصیت خواجہ صوفی پیر محمد اصغر اسلمی کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں بتایا گیا کہ گزشتہ برسوں کی طرح اس سال بھی اتوار 9اکتوبر کو 27 سویں جلوس کا آغاز بعد نماز ظہر مکہ مسجد سے کیا جائے گا ۔ جو شہر کے مختلف راستوں سے ہوتا ہوا 3ڈی سنٹر سینٹ ہیلن روڈ پر اختتام پذیر ہو گا، جہاں میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم اور حضرت خواجہ صوفی پیر محمد ا سلم رحمۃ اللہ علیہ کے سالانہ عرس کی تقریب منعقد ہو گی جس میں برطانیہ بھر سے عاشقان رسول کی ایک بڑی تعداد قافلوں کی شکل میں کو چز اور ویگنوں کے ذریعے بولٹن پہنچے گی۔ علاوہ ازیں مرکزی جلوس کی نگرانی کیلئے رضاکار دستے بھی تیار کیے جا رہے جو جلوس کے راستوں کو پولیس کے ہمراہ کنٹرول کریں گے، اس موقع پر پروگرام کے منتظم اعلیٰ صوفی عثمان حسین، صوفی میاں عقیل اختر اور ڈاکٹر تصدق حسین نے بتایا کہ مقامی علمائے کرام کے ساتھ ساتھ برطانیہ اور یورپ کے مشائخ عظام جلوس اور میلاد مصطفے کے پروگرام کو یقینی طور پر کامیاب بنانے کیلئے جس طرح اپنی خدمات پیش کررہے ہیں یہ جذبہ قابل ستائش ہے، انہوں نے خوشی کا اظہار کیا اور اس بات پر زور دیا کہ برطانیہ میں پروان چڑھنے والی نوجوان نسل کی میلاد جلوسوں میں شرکت کو یقینی بنایا جائے اور زیادہ سے زیادہ تعداد کو شامل کیا جائے۔