نئی کاروں کی فروخت میں دوسرے مہینے بھی تیزی، ستمبر میں 225,269 نئی کاریں رجسٹر کی گئیں

October 07, 2022

لندن (پی اے) موٹر مینوفیکچررز اور ٹریڈرز ایسوسی کے مطابق برطانیہ میں نئی کاروں کی فروخت میں دوسرے مہینے بھی تیزی ریکارڈ کی گئی اور ستمبر میں 225,269نئی کاریں رجسٹر کی گئیں جو کہ اس سال رجسٹر کی جانے والی کاروں کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔ نئی کاروں کی فروخت میں تیزی کے باوجود اس کی تعداد گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 8.2 فیصد کم ہے۔ برطانیہ میں اب تک ایک ملین سے زیادہ الیکٹرک کارز رجسٹر کرائی جاچکی ہیں، جن میں صرف اس سال رجسٹر کرائی جانے والی الیکٹرک کاروں کی تعداد 249,575 ہے۔ بیٹری الیکٹرک گاڑیاں بھی تیار کی گئی ہیں لیکن ابھی ان کی بہت کم تعداد سڑکوں پر آئی ہے۔ اس لئے ضرورت اس بات کی ہے کہ لوگوں کو گرین انرجی کے ہدف کی تکمیل کیلئے الیکٹرک اور بیٹری کار کو ترجیح دینے پر قائل کیا جائے۔ ایسوسی ایشن کے مطابق سپلائی چین کی دشواریوں کے سبب تمام ماڈل کی کاریں دستیاب نہ ہونے کے سبب مارکیٹ میں اب بھی مندی ہے۔ اگرچہ انڈسٹری مسائل پر قابو پانے کی کوشش کر رہی ہے لیکن طویل المیعاد ریکوری کا انحصار صارفین کے اعتماد اور معیشت کے استحکام پر ہے۔استعمال شدہ کار سے متعلق تنظیم کے شریک بانی الیکس بٹل کا کہنا ہے کہ ستمبر میں کاروں کی فروخت میں اضافے پر زیادہ مسرور ہونے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ انرجی کی بڑھتی ہوئی قیمتیں، افراط زر، مارگیج کی شرح میں اضافہ اور سپلائی چین کے مسائل کاروں کی فروخت کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہیں۔ انھوں نے کہا کہ الیکٹرک کاروں کی فروخت اس حوالے سے امید کی کرن ہے اور الیکٹرک کاروں کی فروخت میں اضافہ ہوتا رہے گا۔ پروفیشنل سروس کمپنی KPMG کے آٹو موٹو پارٹنر کرس نائٹ کا کہنا ہے کہ کار تیار کرنے والی کمپنیاں سپلائی میں کمی کے سبب اب بھی سابقہ آرڈرز کی تکمیل کی ہی کوشش کررہی ہیں چونکہ سود کی شرح میں اضافے کے سبب صارفین کا کریڈٹ زیادہ مہنگا ہوگیا ہے، ہمیں توقع ہے کہ نئی کاروں کی اوسط قیمتوں میں کمی ہوگی۔