پارلیمنٹ کی تاریخ کا ’’منفرد واقعہ‘‘ مشترکہ اجلاس میں ’’کورم کا مسئلہ‘‘

October 07, 2022

اسلام آباد(فاروق اقدس/تجزیاتی رپورٹ) پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے موقعہ پر خصوصی گیلریوں میں موجود غیر ملکی سفیر اور سفارتکاروں کی قابل ذکر تعداد پاکستانی پارلیمانی تاریخ کے اس منفرد منظر کو دلچسپی اور سنجیدگی سے دیکھ رہے تھے جہاں اجلاس شروع ہوتے ہی ایوان میں کورم کا مسئلہ پیدا ہوگیا اور قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کا متعلقہ افسر ہاتھ میں فائل لئے حاضر اور غیر حاضر ارکان کی تعداد شمار کرنے کیلئے ایوان میں پہنچ گیا جس کی ذمہ داری ہی کورم کی صورتحال میں ارکان کی تعداد گنتی کرنا ہوتی ہے۔ کورم کی صورتحال کے پیش نظر لابیز میں موجود حکومتی ارکان کو ایوان میں پہنچنے کا پیغام ملا تو انہوں نے کورم کی مطلوبہ تعداد پوری کی۔ مسلم لیگ (ن) سمیت حکومتی اتحاد کی دونوں بڑی جماعتوں پاکستان پیپلز پارٹی اور جمعیت علمائے اسلام نے مشترکہ اجلاس صدر کے خطاب کا غیر اعلانیہ بائیکاٹ کیا جبکہ حکومتی ارکان کی بڑی تعداد بھی ایوان میں کچھ دیر محض حاضری لگا کر پارلیمنٹ ہائوس سے رخصت ہوگئے تاہم پاکستان تحریک انصاف کے منحرف اراکین اپنی نشستوں پر موجود رہے اور ’’حسب توفیق‘‘ صدر کی تقریر کے دوران مسلسل احتجاج کرتے رہے لیکن ایوان میں صدر مملکت کا دفاع کرنے والا کوئی موجود نہیں تھا کیونکہ پی ٹی آئی کے سینیٹرز بھی ان کے خطاب کے دوران ایوان سے اٹھ کر چلے گئے تھے۔