54 فیصد پاکستانی سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے تیار

October 07, 2022

کراچی (نیوز ڈیسک)ہردوسرا پاکستانی سیلاب میں گھرے اپنے ہم وطنوں کی مدد کےلیے بالکل تیا ر ہے ۔ امداد دینے کےلیے 52فیصد غیر سرکاری تنظیموں تو 48فیصد حکومتی اداروں کاانتخاب کررہے ہیں ۔سیلاب زدگان کی مدد کرنے میں پاکستانیوں کی اکثریت یعنی 50فیصد افواج پاکستان تو34فیصد حکومت کے کردار سے بھی مطمئن نظر آئے ۔ اس بات کا انکشاف اپسوس پاکستان کے سروے میں ہوا۔ جس میں ملک بھر سے ایک ہزار سے زائد افراد نے حصہ لیا۔ یہ سروے07ستمبر سے12ستمبر2022کے درمیان کیا گیا۔سروے میں ہردو میں سے ایک پاکستانی یعنی 54فیصد سیلاب متاثرین کی بحالی میں اپنا حصہ ڈالنے کےلیے تیار نظر آئے۔ البتہ 29فیصد نےانکار کیا۔ 17فیصد نے اس پر درمیانہ موقف دیا ۔سیلاب متاثرین کی مدد کےلیے 52فیصد پاکستانیوں نے این جی اوز کو چندہ دینے کےلیےچُنا ۔ لیکن 48فیصد نے حکومتی اداروں کے ذریعے سیلاب متاثرین کی مدد کرنے کا ارادہ ظاہر کیا ۔اپسوس پاکستا ن کے اس سوال پر کے سیلاب سے نمٹنے میں کون بہترین کردار ادا کررہا ہے ؟ تو 50فیصد پاکستانیوں نےمسلح افواج کے کردار کی تعریف کی ، جبکہ 34فیصد نے وفاقی حکومت کے کردار کو سراہا۔ 13فیصد نے این جی اوز ، 02فیصد نے صوبائی حکومتوں اور 01فیصد نے سیلاب متاثرین کی مدد کرنے میں سیاسی جماعتوں کے کردار کی تعریف کی۔