ایک پولیس افسر ہراساں کر رہا ہے، حکومت سیکیورٹی فراہم کرے، ایم ڈی مشن اسپتال

October 07, 2022

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)مشن ہسپتال کوئٹہ کے میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر سیڈرک جلال نے کہا ہے کہ یکم اکتوبر کومشن ہسپتال پر حملہ کرکے ڈاکٹرز اور دیگر سٹاف کو زخمی کیا گیا،ہم پر جھوٹے اور بے بنیاد الزامات عائد اور اختیارات کا غلط استعمال کرنے والے ہمیں دھمکا رہے ہیں،ہماری کسی سے کوئی دشمنی نہیں ہمارا کام صرف اور صرف عوام کی خدمت کرنا ہے ۔ یہ بات انہوں نے کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کر تے ہوئے کہی ، اس موقع پر ڈاکٹر الزبتھ جلال ، ڈاکٹر جے دیوی ، کمال صدیقی اور عرفان سمیر بھی موجود تھے ،ڈاکٹر سیڈرک جلال نے کہا کہ مشن ہسپتال136سال سے انسانیت کی خدمت میں مصروف ہے ،ہمارا کام صرف اور صرف عوام کی خدمت کرنا ہے ہماری کسی سے کوئی دشمنی نہیں ۔ یکم اکتوبر 2022 کو کرسچن اسپتال کوئٹہ میں حملہ کرکے تشدد کیا،ہمیں یرغمال بنایا اور اسپتال میں ہنگامہ برپا کیا گیا ، انہوں نے کہا کہ کرسچن اسپتال میں پیش آنے والے واقعے سے متعلق بشپ فریڈ جان کی جانب سے عائد کئے گئے تمام تر الزمات بے بنیاد ہیں بلکہ انہوں نے اور ایک اعلیٰ پولیس افسر کے سیکورٹی گارڈز کی جانب سے ہم پر حملہ کیا گیا تھا اب بھی اسپتال میں ڈیوٹی پر مامور اسٹاف کو ہراساں کیا جارہا ہے ، حکومت ہمیں سیکورٹی فراہم کرئے ۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ کا اعلیٰ حکومتی و پولیس حکام نے بروقت نوٹس لے کر انکوائری کمیٹی بنائی ہے جس میں اسپتال کی جانب سے پیش ہوکر ہم اپنا موقف پیش کیا ہے امید ہے کہ انکوائری کمیٹی جلد از جلد انکوائری مکمل کرکے ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی کرئے گی ۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ہم فریڈ جان کو بشپ تسلیم نہیں کرتے ان کے خلاف کورٹ میں کیس چل رہا ہے ۔ ایک سوال پر انہوںنےکہاکہ ہسپتال کا اپنا بورڈ ہے جو اسپتال سے متعلق فیصلوں میں خودمختار ہے اور اسپتال کے مفاد میں فیصلے کرتا ہے ہم باہر سے فیصلے مسلط کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دیں گے۔اس موقع پراسپتال کے ایڈمنسٹریٹر عرفان سمیر نے کہا کہ بشپ فریڈ جان کی جانب سے عائد کئے گئے الزامات جھوٹ پر مبنی ہیں یکم اکتوبر کو ہم پر حملہ کیا گیا جس میں میرا فون بھی لے گئے جو اب تک مجھے واپس نہیں کیا گیا ۔