عبداللّٰہ قریشی نے میوزک انڈسٹری کو خیر باد کہہ دیا

October 07, 2022

عبداللّٰہ قریشی، فائل فوٹو

پاکستان میوزک انڈسٹری کے معروف گلوکارعبداللّٰہ قریشی نے میوزک انڈسٹری کو خیرباد کہہ دیا۔

عبداللّٰہ قریشی نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنے مداحوں کے لیے ایک خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔

اُنہوں نے اپنے پیغام میں لکھا کہ’میں جانتا ہوں کہ میں کافی عرصے سے اُوجھل تھا اور اس دوران یہ پوچھنے کے لیے کہ میں کہاں ہوں، مجھے بہت سے میسجز بھی موصول ہوئے‘۔

اُنہوں نے لکھا کہ’میں نے یہ سوچنے کے لیے کچھ عرصے کا وقفہ لیا تھا کہ میں اپنے مستقبل میں کیا چاہتا ہوں‘۔

اُنہوں نے مزید لکھا کہ’میں میوزِک انڈسٹری کو خیرباد کہنے کا اعلان کرنے کے لیے کچھ وقت لیناچاہتا تھا کیونکہ میں نے میوزِک کو بطور پیشہ جاری نہ رکھنے کافیصلہ کیا ہے‘۔

عبداللّٰہ قریشی نے اپنے اس فیصلے کی وجہ بتاتے ہوئے لکھا کہ’ میں نے یہ فیصلہ خالصتاََ مذہبی وجوہات کی بناء پر لیا ہے‘۔


اُنہوں نے لکھا کہ’میرا میوزِک انڈسٹری میں بہت اچھا وقت گزرا، ہزاروں لوگوں نے مجھے سراہا اور محبت دی، کچھ تنازعوں کا شکار بھی ہوا، کچھ غلط فیصلے بھی کیے، مثبت خیالات کو پھیلاتا رہا، کچھ بہت اچھے دوست بنائے، ایسے لوگوں کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا جوکہ میرے لیے مثال تھے اور میں نے بہت کچھ سیکھا اور وہ سب کیا جو کرنا مجھے اچھالگتا تھا‘۔

اُنہوں نے مزید لکھا کہ’میرا ماننا ہے کہ زندگی کا اصل مقصد ان سب چیزوں سے بہت بڑا ہے اور ہمارے پاس اس دنیا میں اپنی آخرت کی زندگی کو بہتر بنانے کے لیے بہت کم وقت ہے‘۔

عبداللّٰہ قریشی نے لکھا کہ’الحمداللّٰہ میں اپنے اس فیصلے سے مطمئن ہوں اور میں زندگی کی اصل حقیقت کو تلاش کرنے کے راستے پر گامزن ہوں اور میری دعا ہے کہ اللّٰہ میرے لیے یہ نیا سفر آسان کرے‘۔

واضح رہے کہ عبداللّٰہ قریشی نے یوٹیوب سے پاکستانی میوزک انڈسٹری میں اپنی پہچان بنائی تھی۔

گلوکار کے میوزِک کیریئر کے آخری گانے ’سجنا‘ اور ’ہسدا رہندا‘ ریلیز ہوئے تھے۔

وہ رواں سال دوبارہ ریکارڈ شدہ قومی ترانے کا بھی حصّہ تھے جو 14 اگست 2022ء کو ریلیز ہوا۔