زرسانگا اور سائیں ظہور کو آغا خان میوزک ایوارڈز سے نوازا گیا

October 07, 2022

فائل فوٹو

آغا خان میوزک ایوارڈز برائے سال 2022 کے فاتحین کا اعلان کردیاگیا، دو پاکستانی لوک گلوکار بھی 16 فاتحین کی فہرست میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئے۔

دنیا بھر کے 40 ممالک سے 400 مسلمان موسیقاروں کو مختلف کیٹیگریز میں نامزد کیا گیا تھا جس میں سے پاکستان کی پشتو گلوکارہ زرسانگا اور پنجابی صوفی موسیقار سائیں ظہور کو خصوصی مینشن کے اعزازات سے نوازا گیا۔

آغا خان میوزک ایوارڈز کا انعقاد ہر تین سال بعد کیا جاتا ہے جس میں مسلمان موسیقاروں کی خدمات، موسیقی میں غیر معمولی تخلیقی صلاحیتوں اور عزم کو سراہا جاتا ہے۔

رواں سال میوزک ایوارڈز میں 10 فاتحین، 5 خصوصی مینشن اور 1 خصوصی اعزاز دیئے گئے۔

10 فاتحین میں ملکہ پشتو لوک سنگیت زرسانگا کے علاوہ بھارت سے ذاکر حسین، اور آسن خان لنگا، مالی سے آفل بوکوم، موریطانیہ سے کومبَین منٹ ایلی وَرَکنے، افغانستان سے داؤد خان سادوزئی، انڈونیشیا سے پینی کاندرا رینی، برطانیہ سے سومک دتا، تنزانیہ سے یحییٰ حسین عبداللہ، ایران سے یاسمین شاہ حسینی شامل ہیں۔

5 خصوصی مینشنز میں پاکستان کے پنجابی صوفی موسیقار سائیں ظہور کے ساتھ بھارت سے دلشاد خان، ایران سے گلشن انسمبل ، سید محمد موسوی اور ماھور انسٹی ٹیوٹ اور انڈونیشیا سے ذوالکسلی اور برام شامل ہیں جبکہ عمان سے تعلق رکھنے والے مسلم القطری کو خصوصی اعزاز سے نوازا گیا ہے۔

آغا خان میوزک ایوارڈز شو اور فاتحین کے اعزاز میں تقریبات سلطنت عمان کے شہر مسقط میں 29 اور 30 اکتوبر کو منعقد کی جائیں گی۔

جہاں تمام فاتیحین کے درمیان 5 لاکھ ڈالرز بطور انعام تقسیم کیا جائے گا اور ساتھ ہی ساتھ پیشہ ورانہ ترقی کے مواقع بھی فراہم کیے جاتے ہیں۔