فلم ’تھری ایڈیٹس‘ کا اہم کردار دنیا سے چل بسا

October 07, 2022

فائل فوٹو

بالی ووڈ کی بلاک بسٹر فلم ’تھری ایڈیٹس‘ کا ایک اہم کردار آج دنیا سے چل بسا۔

فلم’تھری ایڈیٹس‘ میں مسٹر پرفیکٹ عامر خان کو’رینچھوڑ داس چھانچھڑ‘ بنانے والے کردار ’شمل داسچھانچھڑ‘ یعنی اداکار ارون بالی 79 سال کی عمر میں ممبئی میں فوت ہوگئے ہیں۔

ارون بالی کے بیٹے انکش کے مطابق، اداکار ایک اعصابی بیماری میں مبتلا تھے، جسے ’میاستھینیا گریویس(Myasthenia Gravis) ‘کہتے ہیں۔

ارون بالی، فائل فوٹو

اُنہوں نے بتایا کہ ’یہ ایک نایاب خودکار قوت مدافعت کی بیماری ہے، جو عصبی عضلاتی مواصلات میں خرابی کی وجہ سے ہوتی ہے‘۔

اُنہوں نے مزید بتایا کہ’دو تین دن سے اس کا مزاج کافی بدلا ہوا سا تھا، اُنہوں نے اپنے نگراں کو واش روم لے جانے کو کہا پھر باہر آنے کے بعد ان کو بٹھایا اور اس کے بعد وہ نہیں اُٹھے‘۔

واضح رہے کےاس سال کے آغاز میں اُنہیں ہیرانندانی اسپتال میں داخل کروایا گیا تھا، جہاں ان کا علاج جاری تھا۔

اداکار ارون بالی نے اپنے کیریئر کا آغاز سال 1989ء میں ٹیلی فلم’دوسرا کیول‘ سے کیا تھا۔

اس کے بعد اُنہوں نے مشہور ٹی وی شوز جیسے ’کمکم: ایک پیارا سا بندھن‘، ’چانکیہ‘، ’مریدا‘، اور ’آروہن‘ میں کام کیا۔

انہوں نے فلم ’تھری ایڈیٹس‘، ’کیدارناتھ‘، اور ’پانی پت‘ جیسی نامور بالی ووڈ فلموں میں بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔

موت سے قبل آخری باراداکار ارون بالی کوفلم ’لال سنگھ چڈھا‘ میں دیکھا گیا۔