ایف آئی اے تحقیقات، پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس میں مزید حقائق سامنے آگئے

October 07, 2022

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے فارن فنڈنگ کیس میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کی تحقیقات میں مزید حقائق سامنے آگئے۔

دستاویز کے مطابق الیکشن 2013 میں ووٹن کرکٹ کلب سے آئی فنڈنگ پی ٹی آئی الیکشن مہم میں استعمال ہوئی، تحریک انصاف نے یہ رقم الیکشن کمیشن میں ظاہر نہیں کی اور خفیہ رکھی۔

ووٹن کرکٹ کلب سے پی ٹی آئی الیکشن مہم کے لیے فنڈز بھی موصول ہوئے، ووٹن کلب سے 1.2 ملین ڈالرز فنڈز انصاف ٹرسٹ اور طارق شفیع کے اکاؤنٹ میں آئے۔

ایف آئی اے کی تحقیقات کے مطابق ووٹن کرکٹ کلب سے انصاف ٹرسٹ کے لاہور ڈالر اکاؤنٹ میں 6 لاکھ 25 ہزار ڈالرز آئے، انصاف ٹرسٹ کا یہ ڈالر اکاؤنٹ صرف ایک ٹرانزیکشن کے لیے کھولا گیا، انصاف ٹرسٹ کے لوکل بینک اکاؤنٹ سے 3 کروڑ 60 لاکھ روپے 8 مئی 2013 کو ادا ہوئے۔

دستاویز کے مطابق انصاف ٹرسٹ کے اکاؤنٹ ہولڈرز میں طارق شفیع، عاشق حسین قریشی، حامد زمان، منظور چوہدری اور مبشر احمد شامل ہیں۔

تحقیقات کے مطابق 2013 کے عام انتخابات سے پہلے 5 لاکھ 75 ہزار ڈالرز طارق شفیع کے اکاؤنٹ میں آئے، ووٹن کلب سے طارق شفیع کے اکاؤنٹ سے ایک چیک پی ٹی آئی اکاؤنٹ میں گیا۔