جانبداری کے الزامات مسترد، کسی سیاسی گروہ بندی سے تعلق نہیں، اوپیک چیف

October 07, 2022

اوپیک کے سکریٹری جنرل ہیثم الغیص نے اوپیک پلس پر جانبداری کے الزامات کو مسترد کر دیا ہے۔

عرب ٹی وی کو دیے گئے خصوصی انٹریو میں سکریٹری جنرل نے واضح کیا کہ انکی تنظیم کا کسی بھی سیاسی گروہ بندی سے کوئی تعلق نہیں ہے اور نہ ہی کوئی ملک یا فریق اس کے فیصلوں پر اثر انداز ہوسکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اوپیک پلس کا تیل کے پیداواری کوٹے میں کٹوتی کا فیصلہ 23 ممالک کا متفقہ فیصلہ تھا، جس کا مقصد تیل کی عالمی منڈی کے توازن کو برقرار رکھنا ہے۔

یاد رہے کہ امریکی ایوان صدر، وائٹ ہاؤس نے اوپیک پلس کے فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ صدر جو بائیڈن اس سے مایوس ہوئے ہیں اور ان کی انتظامیہ توانائی کی قیمتوں پر تنظیم کے کنٹرول کو کم کرنے پر غور کرے گی۔