ہم کو تیری ہر ادا اچھی لگی ....

November 13, 2022

تحریر: عالیہ کاشف عظیمی

ماڈل:ماہم

ملبوسات:مےسون کلیکشن

آرایش: Sleek By Annie

عکّاسی: ایم -کاشف

لے آؤٹ: نوید رشید

ویسے تو شادی بیاہ کی تقریبات کا سلسلہ سال بَھر ہی جاری رہتا ہے، لیکن خصوصاً سال کے آخری دو ماہ میں تو ’’شادی بیاہ سیزن‘‘ گویا اپنے عروج پر ہوتا ہے۔ تب ہی تو اِن مہینوں کے لیے میرج ہالز اور پارلرز وغیرہ کی بُکنگ کئی ماہ قبل ہی کروا لی جاتی ہے۔ تو جناب، ایک تو موسم حسین، پھر ہر طرف سے تقریبات ہی تقریبات کے دعوت نامے، لہٰذا ہم نے بھی دانستہ آج اپنی بزم موسم اور موقع محل کی عین مناسبت ہی سے مرصّع کی ہے۔

ذرا دیکھیے، جامنی رنگ بنارسی شرارے کے ساتھ کام دار اے لائن فراک کس قدر حسین لگ رہی ہے۔ پھر گہرے پِیچ رنگ کا پیراہن بھی کچھ کم خوش گوار تاثر نہیں دے رہا کہ پلین ٹراؤزر کے باٹم پر دھاگے کا کام ہے، تو قمیص کا بَھرا بَھرا کام بھی خُوب کِھل رہا ہے۔

اِسی طرح ہلکے پِیچ رنگ راسلک ٹراؤزر کے ساتھ آرگنزا کی قمیص ہے، جس پر دھاگے، زری، موتی اور ستاروں کے نفیس کام نے لباس کا حُسن کچھ اور بھی بڑھا دیا ہے، تو لائٹ اسٹیل بلیو رنگ لباس بھی خاصا خوش گوار تاثر دے رہا ہے کہ پلین ٹراؤزر کے ساتھ تھریڈ ورک سے آراستہ قمیص ہے، جس پرگُل بوٹے اور پرندے نمایاں ہیں۔ جب کہ پستئی رنگ پیراہن کےحُسن و جاذبیت کے تو کیا ہی کہنے۔