ایشین تائی کوانڈو چیمپئن شپ، پاکستانی میزبانی سے غیر ملکی کھلاڑی خوش

November 08, 2022

ملک میں امن و امان کی صورت حال میں بہتری کے بعد ان دنوں پاکستان میں جاری سیاسی کشیدگی کے باوجود پچھلے ہفتے اسلام آباد میں ایشین تائی کوانڈو چیمپئن شپ کا شان دار انداز میں انعقاد کیا گیا۔

پاکستان تائی کوانڈو فیڈریشن کی میزبانی کا ایشیا بھر سے آئے ہوئے مرد اور خواتین کھلاڑیوں نے کھل کر اعتراف کیا اور کہا کہ وہ پاکستان میں ملنے والی محبت اور چاہت کو کبھی بھول نہیں سکتے، ان کا کہنا ہے کہ جس انداز سے پاکستان نے ان مقابلوں کی میزبانی وہ قابل ستائش ہے، ایونٹ ایران نے 6گولڈ اور2سلور میڈلزجیت کر چوتھی کومبیکس ایشین انٹرنیشنل اوپن تائی کوانڈو چیمپئن شپ کا تاج اپنے سرسجا لیا پاکستان نے ایونٹ میں دوسری پوزیشن حاصل کی۔

قومی کھلاڑیوں نے سونے کے 3چاندی کے3 اور کانسی کا 1تمغہ جیتا مصر کی ٹیم 2گولڈ 1سلور اور5 برانزمیڈلز کے ساتھ تیسری پوزیشن پر رہی چیمپئن شپ کے جونیئرز ایونٹ میں ٹیم گرین پاکستان نے 3 گولڈ اور1 سلورمیڈلز کے ساتھ پہلی، بحرین کی دوسری اور ایران کی تیسری پوزیشن رہی قبل ازیں پی ایس بی کے لیاقت جمنازیم میں چیمپئن شپ میں49 کے جی کے فائنل میں قازقستان کی نورے بوزی نوا نے پاکستان کی فاطمہ الزہرہ کو 57 کے جی میں قازقستان کی نوریاسیوستانوا نے پاکستان کی نوررحمان کو 73 کے جی میں مصر کی ملک دیا نے پاکستان کی ملیشیا علی کو شکست دیکر گولڈ میڈلز اپنے نام کئے۔

مردوں کے 58 کے جی فائنل میں ایران کے آرمین ہادی پورنے قازقستان کے زاسربک اسلامو کو 68 کے جی فائنل میں ایران کے محمد صادیگ نے قازقستان کے ایلڈربرمبے کو اور 87- کے جی فائنل میں ایران کے محمد عامر نے مصر کے محمدخطاب کو ہرا کر گولڈ میڈل جیت لیا ایشین چیمپئین شپ کی تقسیم انعامات کی تقریب میں وفاقی وزیر شاہ زین بگٹی، قازقستان کے پاکستان میں سفیر، عمان کے نائب سفیر، پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن کے صدر کرنل (ر) وسیم جنجوعہ، سی ای او عمر سعید، ایونٹ کے ٹیکنیکل ڈیلی گیٹ لبنان کے ڈینئل خوراسن ڈی جان ، چیئرمین ریفری کمیشن شہرام عربابی سمیت اسپورٹس سے وابستہ دیگرشخصیات بھی موجود تھیں۔

پاکستان تائی كوانڈو فیڈریشن کے صدر کرنل ریٹائرڈ وسیم احمد کا کہنا تھا کہ یہ ایک کامیاب ایونٹ تھا جس کے لئے میں اپنے یونٹس، کومبکس، ریفریز اور سب کا تہہ دل سے مشکور ہوں، کوریا کے سفیر کا کہنا تھا کہ پاکستان میں منعقدہ چیمپئن شپ میں کھیل کا اعلی معیار دیکھنے کو ملا پورے ایونٹ میں کوئی متنازع فیصلہ نہیں ہوا ۔ایونٹ کے ٹیکنیکل ڈیلی گیٹ ڈینیل خوارسن ڈی جان کا کہنا تھا کہ ایشیا لیول کی چیمپئن شپ کے تمام مقابلوں میں ریفری شپ بہت عمدہ رہی۔