کوئٹہ 12،حب 3،سوئی و ڈیرہ بگٹی میں 7 مراکز پر جرمانے عائد

November 25, 2022

کوئٹہ (خ ن ) عوام کو ملاوٹی و ناقص خوراک کی فراہمی اور فوڈ بزنس لائسنس کی عدم دستیابی پر بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی کاروائیاں جاری ہیں ۔ اس سلسلے میں بی ایف اے کی فوڈ سیفٹی ٹیموں نےکوئٹہ شہر میں 12، حب میں 3 جبکہ سوئی ڈیرہ بگٹی میں 7 متفرق اشیاء خوردونوش کے مراکز پر جرمانے عائد کردئیے ۔ ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی محمد نعیم بازئی کا اس ضمن میں کہنا ہےکہ غیر معیاری خوراک کی تیاری و فروخت اور فوڈ بزنس لائسنس کے بغیر اشیاء خوردونوش کا کاروبار قانوناً جرم ہے ، صوبے بھر کے تمام فوڈ بزنس آپریٹرز ( خوردونوش/ کھانے پینے ) کی اشیاء کے کاروبار سے وابستہ افراد ترجیحی بنیادوں پر بلوچستان فوڈ اتھارٹی سے بزنس لائسنس کا حصول ممکن بنائیں اور اپنے کاروبار کو قانونی تحفظ فراہم کریں۔ ڈائریکٹر جنرل بی ایف اے کا مزید کہنا ہے کہ بلوچستان فوڈ اتھارٹی ایکٹ 2014 کے مطابق تمام چھوٹے بڑے فوڈ بزنس آپریٹرز بشمول ریسٹورنٹس، ڈیری بزنس ، جنرل اسٹورز ، مینوفیکچررز ، پروڈکشن کے کام سے وابستہ ، فوڈ کیٹرز ، کولڈ اسٹوریج، پکوان سینٹرز ، شادی ہالز ، ہوٹلز ، آئس فیکٹریوں کیلئے بی ایف اے سے لائسنس یافتہ ہونا لازمی ہے بصورت دیگر اگر وہ فوڈ بزنس لائسنس حاصل نہیں کریں گے تو ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔