سعود شکیل انگلینڈ کیخلاف پرفارمنس دینے کیلئے پرعزم

November 25, 2022

قومی ٹیسٹ اسکواڈ کے بیٹر سعود شکیل انگلینڈ کے دورہ پاکستان کےلیے پرجوش ہیں، انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ جب بھی ڈیبیو کرنے کا موقع ملا تو بہتر پرفارمنس دینے کا ہدف ہے۔

اسلام آباد میں جیو نیوز سے گفتگو میں سعود شکیل نے کہا کہ انگلینڈ جیسی بڑی ٹیم پاکستان آرہی ہے، اس دورے کےلیے انتہائی پرجوش ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ سیریز کے لیے تیاریاں بہترین جارہی ہیں، پہلا پریکٹس سیشن اچھا رہا، سینئر کھلاڑیوں سے مختلف سینیریو میں کھیلنے کے حوالے سے بات چیت ہوتی رہتی ہے۔

سعود شکیل نے مزید کہا کہ بابر اعظم ورلڈ کلاس کھلاڑی ہیں جبکہ اظہر علی نے 96 ٹیسٹ میچز کھیل رکھے ہیں، ان دونوں کے تجربے سے سیکھنے کا موقع ملتا ہے۔

پاکستانی بیٹر نے یہ بھی کہا کہ میں نے ڈومیسٹک کرکٹ اور پاکستان شاہینز کی کپتانی ہمیشہ انجوائے کی ہے، بطور کپتان مجھ پر سے پریشر ختم ہوجاتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کپتان بن کر میں بہتر پرفارمنس دیتا ہوں، میچ دوران کپتان ہر وقت ایکٹیو ہوتا ہے۔

سعود شکیل نے کہا کہ کمار سنگاکارا کو بیٹرز میں ہمیشہ پسند کیا، سری لنکن وکٹ کیپر بیٹر بہت ہی خوبصورت کھیلتے ہیں،ان کی کلاس ہی الگ ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب بھی ڈیبیو کرنے کا موقع ملا تو بہتر پرفارمنس دینے کا ہدف ہے، ہر سطح پر کرکٹ کھیلتا ہوں تو ٹیم کو جتانا مقصد ہوتا ہے۔