قومی اسمبلی، سیلاب متاثرین کو امداد میں سیاسی تفریق برتنے کا الزام

November 26, 2022

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ صوبائی حکومتیں اور وفاق مل کر سیلاب متاثرین کو بلاتفریق امداد اورمعاونت فراہم کرینگے، سیاسی کلچر کے منفی پہلوئوں کاخاتمہ ضروری ہے۔جمعہ کوقومی اسمبلی میں نکتہ ہائے اعتراض کے جواب میں وزیردفاع نے کہاکہ وفاقی اورصوبائی حکومتوں کو متاثرین کیساتھ یکساں سلوک کرنا چاہیے اور امداد بلاتفریق ملنی چاہیے۔قبل ازیں غوث بخش مہر نے سیلاب متاثرین کو امداد میں سیاسی تفریق برتنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں پسند ناپسند کی بنیاد پر امداد دی جارہی ہے،متاثر ین سیلاب میں سیا سی وابستگی سے بالا تر ہوکر بلا تفر یق امداد دی جا ئے ،وفاقی حکومت اس بات کو نو ٹس لے ، حکومت نے متاثرہ علاقوں میں5ہزار روپے فی ایکڑ کی شرح مقررکی ہے مگر رقوم کی ادائیگی نہیں کی گئی ہے،وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان نے کہا کہ سیاسی وابستگی کے بغیر متاثرین سیلاب کوامداد ملنی چاہیے، اگر ایسا کوئی واقعہ ہواہے تو میں اس پرمعافی چاہتی ہوں۔