لاہور ہائیکورٹ گستاخانہ مواد کی تشہیری مہم روکنے کی رپورٹ جمع نہ کرانے پر برہم

November 26, 2022

راولپنڈی(نمائندہ جنگ)لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ کے جسٹس چوہدری بعدالعزیز نے سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد کی تشہیر کیخلاف کیس میں وفاقی وزارتوں کی طرف سے سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد کی تشہیری مہم کے سدباب کیلئے مشترکہ رپورٹ جمع نہ کرانے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے حکم دیا ہے کہ آئندہ تاریخ سماعت پر مشترکہ اقدامات پر مبنی رپورٹ جمع نہ ہوئی تو وفاقی سیکرٹری وزارت داخلہ، وفاقی سیکرٹری وزارت آئی ٹی، وفاقی سیکرٹری وزارت اطلاعات،وفاقی سیکرٹری وزارت قانون اور وفاقی سیکرٹری وزارت مذہبی امور، چیئرمین پی ٹی اے اور ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے ذاتی طور پر پیش ہوں۔ جسٹس چوہدری عبدالعزیز نے کہا کہ سوشل میڈیا پر مقدس ہستیوں، اسلامی شعار،نظریہ پاکستان،ریاستی اداروں اور پاکستان کی پرچم کی توہین پر مبنی مواد کی وجہ سے ملکی سلامتی خطرے میں ہے۔ سوشل میڈیا پر مذکورہ قابل اعتراض و غیر قانونی مواد کی تشہیر کی وجہ سے ملک کی بنیادیں ہل رہی ہیں۔متعلقہ اداروں اور متعلقہ وفاقی وزارتوں کی آئینی ذمہ داری ہے کہ وہ ملک کے تحفظ کے لئے سوشل میڈیا پر مذکورہ مواد کی تشہیری مہم کے سدباب کے لئے اقدامات کریں۔