سعودی کھلاڑیوں کو مہنگی گاڑی کا تحفہ ملنے کی خبر مضحکہ خیز ہے، صالح الشہری

November 26, 2022

سعودی عرب کی فٹ بال ٹیم کے کھلاڑی صالح الشہری نے ارجنٹینا سے میچ کی فتح کے بعد ٹیم ممبران کو مہنگی گاڑیاں ملنے کی خبر کو مضحکہ خیز قرار دیا ہے۔

قطر میں میڈیا سے گفتگو میں صالح الشہری نے کہا کہ عرب میڈیا کی قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کو مہنگی گاڑیاں ملنے کی اطلاعات مضحکہ خیز ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سعودی قومی ٹیم کا ہر کھلاڑی اپنے وطن کو ایونٹ میں کامیابی دلانے کےلیے کھیل رہا ہے۔

فٹ بال ورلڈ کپ میں دو مرتبہ کی عالمی چیمپئن ارجنٹینا کو ایونٹ میں اپنے پہلے ہی میچ میں شکست دینے کے بعد سوشل میڈیا پر سعودی ٹیم کے ہر کھلاڑی کو تحفے میں قیمتی گاڑی دینے کی خبر زیر گردش تھی۔

صالح الشہری نے ان خبروں پر تبصرہ کیا اور کہا کہ یہ سب کچھ سچ نہیں ہے، ہم یہاں بہتر طریقے سے ملک کی خدمت کرنے آئے ہیں، یہی ہمارا اعزاز ہے۔

سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے فٹ بال ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی شاندار فتح پر ایک دن کی چھٹی کا اعلان بھی کیا تھا۔