ڈنمارک کو شکست، دفاعی چیمپئن فرانس اگلے مرحلے میں پہنچ گیا

November 26, 2022

فیفا فٹبال ورلڈ کپ 2022ء کے گروپ ڈی کے میچ میں دفاعی چیمپئن فرانس نے ڈنمارک کو 1-2 سے شکست دے کر اگلے مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا۔

فرانس کے دونوں گول امباپے نے اسکور کیے، انہوں نے پہلا گول کھیل کے 61 ویں اور دوسرا گول 86 ویں منٹ میں کیا۔

ڈنمارک کا واحد گول اینڈریس کرسٹن سین نے 68 ویں منٹ اسکور کیا۔

فرانس نے ایونٹ کے اگلے مرحلے میں رسائی حاصل کرلی ہے، اب دیکھنا یہ ہے اس گروپ سے آسٹریلیا، تیونس اور ڈنمارک میں کونسی ٹیم آگے جاتی ہے۔

گروپ ڈی میں تمام ٹیموں نے 2،2 میچز کھیل لیے ہیں، آسٹریلیا کے 3 جبکہ ڈنمارک اور تیونس کا 1،1 پوائنٹ ہے۔

اگلے مرحلے میں آسان رسائی کے لیے آسٹریلیا کو 30 نومبر کو اگلے میچ میں ڈنمارک کو شکست دینی ہوگی یوں وہ بھی 6 پوائنٹس کے ساتھ گروپ کی دوسری ٹاپ ٹیم بن جائے گی۔

ڈنمارک کے ہاتھوں شکست کی صورت میں آسٹریلیا ایونٹ سے باہر ہوجائے گا، دوسری طرف اگر تیونس نے فرانس جیسی مضبوط حریف کو شکست دی تو پھر ڈنمارک اور تیونس میں سے ایک ٹیم آگے جائے گی۔