ارجنٹینا کیخلاف تاریخی فتح، سعودی کھلاڑیوں کو مہنگی گاڑیوں کے تحفے کی تردید

November 27, 2022

کراچی (نیوز ڈیسک) سعودی عرب کی فٹ بال ٹیم کےمنیجر ہیرورینارڈ اور ٹیم کے کھلاڑی صالح الشہری نےتردید کی ہے کہ ان کی ٹیم کو مہنگی گاڑیوں کا تحفہ دینے کا اعلان نہیں کیا گیا ہے ، میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ارجنٹینا کیخلاف تاریخی فتح کے بعد ٹیم ممبران کو قیمتی رائلز رائس گاڑیاں دی جائیں گی ۔ رینارڈ کا کہنا تھا کہ ان خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے ، ہمارے پاس سنجیدہ فیڈریشن اور اسپورٹس منسٹری موجود ہے اور یہ وقت ان چیزوں کا نہیں ہے ۔ دوسری جانب قطر میں میڈیا سے گفتگو میں صالح الشہری نے کہا کہ عرب میڈیا کی قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کو مہنگی گاڑیاں ملنے کی اطلاعات مضحکہ خیز ہیں۔انہوں نے کہا کہ سعودی قومی ٹیم کا ہر کھلاڑی اپنے وطن کو ایونٹ میں کامیابی دلانے کےلیے کھیل رہا ہے۔صالح الشہری نے ان خبروں پر تبصرہ کیا اور کہا کہ یہ سب کچھ سچ نہیں ہے، ہم یہاں بہتر طریقے سے ملک کی خدمت کرنے آئے ہیں، یہی ہمارا اعزاز ہے۔سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے فٹ بال ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی شاندار فتح پر ایک دن کی چھٹی کا اعلان کیا تھا۔