فرانس ڈنمارک کو شکست دیکر ناک آوٹ مرحلے میں پہنچنے والی پہلی ٹیم بن گئی

November 27, 2022

کراچی (عبدالحفیظ نوری، شکیل یامین کانگا) 23؍ سالہ فارورڈ کائلیان ایمباپے کے دو گول کے ذریعہ فرانس نے ڈنمارک کو 2-1 گول سے شکست دے کر فیفا ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کرنے والی پہلی ٹیم بن گئی، ایمباپے ورلڈ کپ میں گول کرنے والے کم عمر ترین فٹ بالر ہیں، میچ کے تینوں گول دوسرے ہاف میں بنے پہلے گول 61؍ ویں منٹ پر نانڈیر کے پاس پر ایمباپے نے بنایا جسے سات منٹ بعد ہی ڈنمارک کے کرسچین سن نے اینڈرس کے پاس پر برابر کردیا۔ فرانس کا دوسرا اور فیصلہ کن گول ایمباپے نے گریز مین کے پاس پر 86؍ ویں منٹ میں کیا۔کھیل کے آخری لمحات میں عالمی شہرت یافتہ فرانسیسی کھلاڑی ایم باپے نے خوبصورت گول کر کے اپنی ٹیم کو ڈنمارک کے خلاف کامیابی دلوادی- میچ کے تینوں گول دوسرے ہاف میں ہوئے- فرانس اور ڈنمار ک کے درمیان گروپ ڈی میں اسٹیڈیم 974 پر کھیلے جانے والے میچ کا آغاز تیز رفتاری سے ہوا لیکن میچ کا پہلا ہاف بغیر کی کسی گول کے برابر رہا- آسٹریلیا دو میچوں میں ایک کامیابی کے ساتھ تین پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ گروپ میں فرانس، آسٹریلیا، ڈنمارک اور تیونس کی ٹیمیں شامل ہیں۔