فیفا ورلڈ کپ 2022، ارجنٹینا نے میکسیکو کو شکست دے دی

November 27, 2022

اسکرین گریب

فیفا ورلڈکپ 2022 کے اہم میچ میں ارجنٹینا نے میکسیکو کو شکست دے کر گروپ سی میں دوسری پوزیشن حاصل کرلی ہے۔

قطر کے لوسیل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے گول پر تواتر سے حملے کئے لیکن پہلے پلے ہاف میں کسی ٹیم کو کامیابی نہیں مل سکی۔

میچ کے دوسرے ہاف میں ارجنٹینا نے حریف ٹیم پر پریشر بڑھائے رکھا، میچ کے 64 ویں منٹ میں ارجنٹینا کے کپتان لیونل میسی نے گول کرکے میچ میں اپنی ٹیم کی پوزیشن مضبوط کی۔

دوران میچ ارجنٹینا کے شائقین اس وقت خوشی سے جھوم اٹھے جب میچ کے 87 ویں منٹ میں اینزو فرنینڈز نے میکسیکو کے خلاف گول کرکے اپنی ٹیم کی کامیابی یقینی بنائی۔

میچ کے آخر تک میکسیکو کو کوئی کامیابی نہیں مل سکی، مقرر وقت تک ارجنٹینا نے 0-2 سے کامیابی حاصل کرکے گروپ میں اپنی پوزیشن بہتر کرلی۔

واضح رہے کہ ارجنٹینا کو اپنے پہلے گروپ میچ میں سعودی عرب کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔