انگلینڈ کرکٹ ٹیم ٹیسٹ سیریز کھیلنے پاکستان پہنچ گئی

November 27, 2022

اسکرین گریب

انگلینڈ کرکٹ ٹیم پاکستان سے ٹیسٹ سیریز کھیلنے کیلئے 17 سال بعد اسلام آباد پہنچ گئی۔

مہمان ٹیم پاکستان کیخلاف تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلے گی، سیریز کا پہلا ٹیسٹ راولپنڈی، دوسرا ملتان اور تیسرا کراچی میں کھیلا جائے گا۔

بین اسٹوکس کی قیادت میں انگلینڈ کی ٹیم ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب اسلام آباد پہنچی جہاں پی سی بی حکام نے ٹیم کا استقبال کیا۔

انگلش کرکٹرز اتوار کو آرام کے بعد پیر سے کرکٹ سرگرمیوں کا آغاز کریں گے۔

انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان پاکستانی سرزمین پر 17 سال بعد پہلا ٹیسٹ یکم دسمبر سے راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔

سیریز کا دوسرا ٹیسٹ 9 دسمبر سے ملتان جبکہ تیسرا ٹیسٹ 17 دسمبر سے کراچی میں ہوگا۔

انگلش کرکٹ ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل بھی پاکستان کا دورہ کرچکی ہے جس میں مہمان ٹیم نے پاکستان سے 7 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے تھے۔