خیبرپختونخوا: اپوزیشن اسمبلی کو تحلیل سے بچانے کیلئے متحرک

November 27, 2022

فائل فوٹو—خیبرپختونخوا اسمبلی

پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کے اسمبلیوں سے استعفوں کے اعلان کے بعد خیبر پختون خوا میں اپوزیشن اسمبلی کو تحلیل سے بچانے کے لیے متحرک ہو گئی۔

اپوزیشن جماعتوں نے آج رات ہنگامی اجلاس طلب کر لیا، یہ اجلاس اپوزیشن لیڈر اکرم درانی کی رہاش گاہ پر ہو گا۔

اجلاس میں اپوزیشن جماعتوں کے پارلیمانی لیڈرز شرکت کریں گے، جس میں خیبر پختون خوا اسمبلی کو تحلیل سے بچانے کے لیے مختلف آپشنز پر غور ہو گا۔

اپوزیشن لیڈر اکرم درانی کا کہنا ہے کہ اجلاس میں وزیر اعلیٰ کے خلاف عدم اعتماد سمیت دیگر آپشنز پر غور ہو گا۔

اے این پی کے پارلیمانی لیڈر سردار حسین بابک نے کہا کہ خیبر پختون خوا اسمبلی تحلیل نہیں ہونے دیں گے۔

مسلم لیگ ن کے ایم پی اے اختیار ولی کا کہنا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیرِ اعلیٰ محمود خان بادام نہیں توڑ سکتے اسمبلی کیا توڑیں گے، اسمبلی خیبر پختون خوا کے 4 کروڑ عوام کی امانت ہے۔

اختیار ولی نے یہ بھی کہا کہ وزیرِ اعلیٰ کے خلاف عدم اعتماد جمع کرائیں گے، عدالت سے رجوع کرنے کا آپشن بھی استعمال کریں گے۔