اسمبلی تحلیل اور حکومت سے نکلنے کیلئے تیار ہیں، بیرسٹر سیف

November 27, 2022

فائل فوٹو—بیرسٹر محمد علی سیف

معاونِ خصوصی برائے اطلاعات خیبر پختون خوا بیرسٹر محمد علی سیف کا کہنا ہے کہ استعفے، اسمبلی کی تحلیل اور حکومت سے نکلنے کے لیے تیار ہیں۔

ایک بیان میں بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ خیبر پختون خوا حکومت عمران خان کے ہر حکم پر من و عن عمل درآمد کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی بحران کے خاتمے کا واحد حل نئے اور شفاف انتخابات ہیں، راولپنڈی میں تاریخی پاور شو نے تمام ریکارڈ توڑ دیے۔

بیرسٹر محمد علی سیف کا کہنا ہے کہ امپورٹڈ حکومت ملک و قوم کے ساتھ مخلص ہے تو الیکشن کا اعلان کرے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز راولپنڈی میں ہونے والے پی ٹی آئی کے جلسے میں عمران خان نے کہا تھا کہ ہم اس کرپٹ سسٹم کا حصہ نہیں بنیں گے، اسمبلیوں سے نکلنے کے لیے حتمی تاریخ کا اعلان مشاورت سے ہو گا۔

انہوں نے کہا تھا کہ میں نے وزرائے اعلیٰ سے بات کی ہے، پارلیمنٹری پارٹی سے بھی مشاروت کر رہا ہوں، آنے والے دنوں میں اعلان کریں گے کہ کس دن ساری اسمبلیوں سے باہر نکل رہے ہیں۔