آزاد کشمیر، خواتین ووٹرز کی جیپ کھائی میں گر گئی، 6 جاں بحق

November 27, 2022

آزاد کشمیر کی وادیٔ نیلم کے علاقے دودھنیال میں خواتین ووٹرز کو لے کر جانے والی جیپ کھائی میں گر گئی ۔

پولیس کے مطابق حادثے میں 6 خواتین ووٹرز موقع پرجاں بحق ہو گئیں، جبکہ ڈرائیور اور 7 خواتین ووٹرز زخمی ہو گئیں جن میں سے 6 کی حالت نازک ہے۔

ووٹرز کی جیپ کو حادثہ پیش آنے کے بعد دودھنیال پولنگ اسٹیشن نمبر 7 اور 8 میں پولنگ روک دی گئی۔

بعد میں جیپ حادثے کے بعد عارضی طور پر روکی گئی پولنگ دوبارہ شروع ہو گئی۔

سیاسی کارکنوں میں تلخ کلامی

دوسری جانب اعوان پٹی پولنگ اسٹیشن پر 2 سیاسی جماعتوں کے کارکنوں میں تلخ کلامی کا واقعہ پیش آیا ہے۔

تلخ کلامی کے باعث پولنگ کچھ دیر کے لیے روک دی گئی، تاہم پولیس کی اضافی نفری آنےکے بعد پولنگ دوبارہ شروع ہو گئی۔

آزاد کشمیر، بلدیاتی انتخابات کیلئے پولنگ جاری

واضح رہے کہ آزاد جموں کشمیر میں بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ جاری ہے، جہاں 31 سال بعد مقامی حکومتیں پھر سے قائم ہوں گی۔

صبح 8 بجے شروع ہونے والا پولنگ کا عمل شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گا۔

بلدیاتی انتخاب کے پہلے مرحلے میں مظفر آباد ڈویژن کے 3 اضلاع نیلم، جہلم ویلی اور مظفر آباد میں ووٹ ڈالے جا رہے ہیں۔