کرکٹر شان مسعود دلہا بننے والے ہیں

November 27, 2022

فوٹو بشکریہ سوشل میڈیا

پاکستان کرکٹ ٹیم کے ٹیسٹ بیٹر اور پاکستان سپر لیگ میں ملتان سلطانز کی قیادت کرنے والے شان مسعود آئندہ سال رشتۂ ازدواج میں منسلک ہو رہے ہیں۔

ان کی اہلیہ میشے خان کا تعلق پشاور سے ہے اور شادی کی تقریب 21 جنوری 2023ء کو پشاور میں ہی منعقد ہو گی۔

33 سال کے شان مسعود جو 14 اکتوبر 1989ء کو کویت میں پیدا ہوئے، انہوں نے پاکستان کے لیے 25 ٹیسٹ، 5 ون ڈیز اور 19 بین الاقوامی ٹی 20 میچز کھیل رکھے ہیں۔

—جنگ فوٹو

بائیں ہاتھ کے بیٹر نے حال ہی میں انگلش کاؤنٹی یارکشائر کے ساتھ 2 سال کا معاہدہ کیا ہے اور 2023ء میں وہ یارکشائر کی قیادت بھی کریں گے۔

شان مسعود معروف بینکر منصور مسعود خان کے فرزند ہیں، ان کے تایا وقار مسعود خان حکومت پاکستان میں سابق سیکریٹری فنانس رہ چکے ہیں، 3 بہن بھائیوں میں شان مسعود کا دوسرا نمبر ہے۔

قومی کرکٹر شان مسعود کی بہن جو ان سے بڑی تھیں گزشتہ سال ان کا انتقال ہوا تھا، جبکہ ان کے چھوٹے بھائی علی بیرسٹر ہیں، شان مسعود کی میشے خان سے شادی ان کی پسند سے ہو رہی ہے۔