اپنی سرزمین پر تاریخی سیریز کیلئے تیار ہیں، بابر اعظم

November 27, 2022

بابر اعظم فوٹو: اسکرین گریب

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا ہے کہ اپنی سرزمین پر تاریخی سیریز کے لیے تیار ہیں۔

مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر بابر اعظم نےاپنی پریکٹس کرتے ہوئے ویڈیو شیئر کی۔

انہوں نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے عنوان لکھا کہ اپنی سرزمین پر ایک اور تاریخی سیریز کے لیے تیار ہیں۔

ویڈیو میں قومی ٹیم کے کپتان گراؤنڈ میں بیٹنگ کی پریکٹس کر رہے ہیں اور اس دوران جارحانہ اسٹروکس بھی کھیلتے نظر آرہے ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز کھیلنے کے لیے انگلینڈ کی ٹیماسلام آباد پہنچ گئی ہے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ یکم دسمبر سے راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔

انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم آج آرام اور کل سے پریکٹس کا آغاز کرے گی۔

پاکستان کا ٹیسٹ اسکواڈ بھی آج آرام اور کل سے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پریکٹس کرے گا۔