انگلینڈ کو اسپن سے قابو کرنے کا پلان، پنڈی کی پچ ٹرن کیلئے سازگار

November 28, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر) بظاہر پنڈی ٹیسٹ کی پچ اسپنرز کے لئے سازگار دکھائی دیتی ہے۔ پاکستان نے انگلینڈ کے اسپنرز کو قابو کرنے کے لئے ابرار احمد، محمد نواز، نعمان علی اور زاہد محمود کو 18 رکنی ٹیم میں شامل کیا ہے۔ پاکستانی بیٹر شان مسعود کا کہنا ہے کہ پاکستان کے پاس معیاری اسپنرز لیفٹ آرم اسپنر، لیگ اسپنر اور مسٹری اسپنر بھی موجود ہیں۔ پاکستان کے بیٹرز کو اسپن کے خلاف پریکٹس کا بھرپور موقع مل رہاہے۔ سعود شکیل کہتے ہیں کہ ہم نے پچ پر اسپنرز کے لیے سازگار کنڈیشنز بنائی ہیں جس کے مطابق پریکٹس کی گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی بیٹسمینوں کو ٹیم انتظامیہ کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ٹیسٹ میچ میں سست بیٹنگ نہ کریں۔ فواد عالم کو ڈراپ کرنے کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ ٹیسٹ میں وہ سست کھیلتے ہیں ۔ پریکٹس سیشن میں بیٹسمینوں کو تیز کھیلنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ انگلینڈ کی موجودہ ٹیم پہلے ہی جارحانہ بیٹنگ کے لئے شہرت رکھتی ہے۔