قائداعظم ٹرافی، حریرا کے 193رنز، ناردرن کو سندھ پر برتری دلا دی

November 28, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر) نوجوان اوپنر محمد حریرا نے193 ناقابل شکست رنز بناکر قائد اعظم ٹرافی کے فائنل میں ناردرن کو سندھ کے خلاف پہلی اننگز میں12 رنز کی برتری دلوادی۔ یہ اننگز اس لحاظ سے شاندار تھی کہ محمد عمر نے پہلے اسپیل میں دو وکٹ حاصل کرکے ناردرن کو مشکل میں ڈال دیا تھا۔ قذافی اسٹیڈیم میں میچ کے دوسرے دن اتوار کو ناردرن نے62 اوورز میں دو وکٹ 296 رنز بنالئے۔ ٹیسٹ بیٹر عمر امین 79 رنز پر نا ٹ آؤٹ ہیں۔ سندھ کی ٹیم پہلی اننگز میں 284 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔ عمر نے39رنز دے کر دووکٹ حاصل کئے۔ سابق کپتان شعیب ملک کے بھتیجے محمدحریرا نے202گیندوں کا سامنا کیا ان کی اننگز میں 29چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔ عمر امین نے گیارہ چوکے مارے اور145گیندوں کا سامنا کیا۔دونوں نے تیسرے وکٹ کی شراکت میں269 رنز بنالئے ہیں۔ قبل ازیں سندھ کے آصف محمود نے 78 رنز بنائے جبکہ فواد عالم 61 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ فواد عالم نے 260منٹ بیٹنگ کی ۔ ناردرن کی جانب سے موسیٰ خان اور عامر جمال نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔