گوشت چکن انڈوں سبزیوں کے بعد پھلوں کی قیمتیں بھی آسمان پر

November 28, 2022

سکھر (بیورورپورٹ، چوہدری محمد ارشاد ) پھلوں کے صحت پر مثبت اور جیب پر منفی اثرات عوام پریشان، گوشت چکن انڈوں سبزیوں کے بعد پھلوں کی قیمتیں بھی آسمان پر، 100 فیصد یا اس سے بھی زائد اضافہ، سیب 300 انگور 500 امرود 150 روپے کلو پرائس کمیٹیاں غیر فعال انتظامیہ خاموش ، سبزیوں اور دیگر اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کے بعد سکھر کی مارکیٹوں میں پھلوں کی قیمتیں بھی آسمان پر پہنچ گئی دکانداروں کی اکثریت نے غیر فعال پرائس کنٹرول کمیٹیوں کے سرکاری نرخ نامہ بھی ہوا میں اڑا دیا مہنگائی پر خودساختہ نے لوگوں کی مشکلات مزید بڑھا دیں غریب اور متوسط طبقے کے زیر استعمال فروٹ بھی قوت خرید سے باہر ہوگئے گزشتہ سال کے مقابلے میں اس سال متعدد پھلوں کی قیمتیں 100 فیصد یا اس سے بھی زائد ہیں مارکیٹ میں سیب 250 سے 300 روپے کلو انار 300 سے 350 روپے کلو انگور 450 سے 500 روپے کلو امرود 130 سے 150 روپے کلو کینو 120 سے 150 روپے کلو موسمی 100 سے 150 روپے ک کلو کیلا 100 سے 120 روپے درجن اس طرح تمام پھلوں کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں مارکیٹ کمیٹی کی جانب سے جاری سرکاری نرخ نامے میں ویسے بھی ریٹ زیادہ دکھائی دیتے ہیں کیونکہ بتایا جاتا ہے کہ مارکیٹ کمیٹی مبینہ طور پر مک مکا کرکے روزانہ کی بنیاد پر جو سرکاری نرخ نامہ جاری کرتی ہے اس میں دکانداروں کی مرضی کے ریٹ ہوتے ہیں وہ نرخ نامہ بھی وہ دوپہر 12 کے بعد مارکیٹ میں دیا جاتا ہے لیکن دکانداروں کی اکثریت اس سرکاری نرخ نامے کو ہوا میں اڑا دیتی ہے مارکیٹ کمیٹی کا مک مکاو اور ضلعی انتظامیہ کی چشم پوشی دفتر سے باہر نہ نکلنے اور خاموشی نے عوام کو گراںفروشوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے آخر ناجائز منافع خوروں کے خلاف کاروائی کون کرئے گا؟ مارکیٹ میں آنے والے خریداروں کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال کی نسبت اس سال فروٹ کی قیمتیں 100 فیصد یا اس سے بھی زائد ہیں جب کوئی چیک بیلنس نہیں ہوگا اور ہولسیل منڈیوں کے مطابق مناسب منافع کے ساتھ ریٹ مقرر کئے جائیں اور اس پر مکمل عمل درآمد ہوتو گراںفروشوں سے جان چھٹ سکے گی بصورت دیگر عوام مہنگائی پر خود ساختہ مہنگائی کی چکی میں پستے رہیں گے۔