ہفتہ رواں میں ہی قومی معیشت کی بحالی کا سورج طلوع ہوگا، ذرائع

November 28, 2022

اسلام آباد (تجزیاتی رپورٹ:حنیف خالد) وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق ایک ارب ڈالر کے سکوک بانڈز کی ادائیگی مقررہ 5دسمبر کی بجائے 3دسمبر کو کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس کیلئے رقم کا بندوبست ہو چکا ہے۔ ایک سینئر سٹیزن سیاستدان کا یہ دعویٰ پاکستان دشمنی ہی قرار دیا جا سکتا ہے کہ پاکستان 93فیصد ڈیفالٹ کی طرف بڑھ چکا ہے اور اب صرف چھ سات فیصد ڈیفالٹ کا گڑھا رہ گیا ہے۔ ان ذرائع کے مطابق بین الاقوامی شہرت یافتہ اداروں تک نے اس غلط‘ بے بنیاد اور دماغی اختراع پر مبنی دعوے کو جھٹلا دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان 93فیصد ڈیفالٹ کی کھائی میں نہیں گر رہا۔ ایک سال میں دس فیصد سے بھی کم پاکستان کے ڈیفالٹ کا خطرہ ہو گا۔ امریکا‘ یورپ اور دوسرے ممالک حتیٰ کہ سبھی کے سبھی بین الاقوامی مالیاتی اداروں سے قرضے لیتے ہیں اور ادا کرتے ہیں۔ وفاقی وزارت خزانہ کے ایک اعلیٰ عہدیدار کے مطابق وزیر خزانہ سنیٹر اسحاق ڈار ایک سے زائد بار کہہ چکے ہیں کہ پاکستان نے 28مئی 1998ء کو بھارت کے پانچ کے مقابلے میں جب 6ایٹمی دھماکے کئے تو ہر بڑے ملک نے پاکستان پر پابندیاں لگائیں۔