قمبر، تیز رفتار کار اور ٹریکٹر ٹرالی میں تصادم، ایک ہی خاندان کے 5 افراد ہلاک

November 28, 2022

قمبرعلی خان(نامہ نگار) قمبر کے نزدیک تیز رفتار کار اور ٹریکٹر ٹرالی کے درمیان کراسنگ کے دوران زور دار تصادم کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 5 افراد موقع پر ہلاک ہوگئے لاشیں گھر پہنچنے پر سخت کہرام مچ گیا۔ تفصیلا ت کے مطابق ضلع لاڑکانہ کی تحصیل رتوڈیرو کے رہائشی سید محمد عظیم شاہ اپنے خاندان کے پانچ افراد سمیت کراچی سے اپنے گھر رتوڈیرو جارہے تھے کہ انڈ س ہائی وےقمبر خیرپور جوسو روڈ پر اچانک قمبر سے آنے والے ایک تیز رفتار ٹریکٹر سے کراسنگ کے دوران کار اور ٹریکٹر کا زوردار تصادم ہوگیا جس کے نتیجے میں کار بری طرح تباہ ہوگئی اور کار میں سوار گھر مالک 52 سالہ سید عظیم شاہ، ان کی 38سالہ بیوی صابرہ خاتون،20 سالہ بیٹا سید مٹھل شاہ،24 سالہ بھتیجا سید اسماعیل شاہ اور 7 سالہ کمسن بھتیجی منتشا سمیت ایک ہی گھر کے پانچ افراد شدید زخمی ہوکر موقع پر ہی ہلاک ہوگئے اس خطرناک روڈ حادثے کے بعد قمبر کی پکھو پولیس نے موقع پر پہنچ کر تمام لاشوں کو کار سے باہر نکال کر ایمبولینس گاڑی کے ذریعے پوسٹ مارٹم کیلئے قمبر سول اسپتا ل منتقل کیا جہاں سے تمام لاشیں پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کی گئیں جو تحصیل رتوڈیرو میں واقع ان کے گھر پہنچی تو ورثاء میں سخت کہرام مچ گیا اور پورے علاقے میں سوگ کا سماں پیدا ہوگیا قمبر کی پکھو پولیس نے ابتدائی کارروائی کرکے حادثے کاشکار ہونے والی کار اور ٹریکٹر کو اپنی تحویل میں لے لیا ہے جبکہ ٹریکٹر ڈرائیور کاشف علی میوو راجپوت موقع پاکر فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، آخری اطلاعات تک اس واقعے کا مقدمہ قمبر کے پکھو پولیس تھانے میں درج نہیں ہوا تھا اور نہ ہی ٹریکٹر ڈرائیور کی گرفتاری عمل میں آئی تھی۔