سکستھ روڈ فلائی اوور کی بندش‘ مری روڈ پر ٹریفک نظام درہم برہم

November 28, 2022

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) سکستھ روڈ فلائی اوور کی بندش سے اتوار کو مری روڈ پر ٹریفک درہم برہم رہی۔ پی ٹی آئی جلسے کیلئے فلائی اوور پر بنایا گیا سٹیج اتوار کی رات تک نہ ہٹایا جا سکا جس کی وجہ سے مرکزی شاہراہ اور گردو نواحی سڑکوں پر رات گئے تک ٹریفک کا نظام بری طرح متاثر رہا۔ اس دوران گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگی رہیں۔ پولیس حکام کا کہنا تھا کہ کنٹینرز اور سٹیج کو ہٹایا جا رہا ہے جس کے بعد فلائی اوور کو ٹریفک کیلئے کھول دیا جائیگا۔ ترجمان سٹی ٹریفک پولیس نے بتایا کہ کنٹینرز ہٹائے جا رہے ہیں، اس دوران اسلام آباد اور راولپنڈی کی طرف جانیوالی ٹریفک ڈائیورشن کے باعث کمیٹی چوک، چاندنی چوک، سکستھ روڈ پر ٹریفک کا غیر معمولی دباؤ ہے۔ انچارج نیو ٹاؤن سرکل و سیکٹر جوان ٹریفک روانی برقرار رکھنے کیلئے کوشاں ہیں۔